سانحہ مری، جاں بحق افراد کے لواحقین کیلیے 8 لاکھ امداد کا اعلان
مری: پنجاب کے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے سانحہ مری میں جاں بحق افراد کی مالی امداد کا اعلان کردیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے فی کس 8 لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو ایک کروڑ 76لاکھ روپے کی مالی امداد دی جائے گی البتہ مالی امداد کسی زندگی کا مداوا نہیں۔
دوسری جانب عثمان بزدار نے مری کے برف باری سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور سانحے کے ذمے داروں کے تعین کے لیے ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ کی سربراہی میں کمیٹی بھی تشکیل دی جب کہ مری کو ضلع کا درجہ دینے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ مری میں 2 نئے تھانوں اور 2 پارکنگ پلازے بنانے کی منظوری دی گئی، عثمان بزدار نے مری میں اوور چارجنگ کرنے والے ہوٹلوں کے خلاف کارروائی کا حکم بھی دیا۔
سانحہ مری کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعلیٰ کو پیش کردی گئی ہے جس میں بتایا گیا کہ 7 جنوری کو مری میں 16 گھنٹے میں 4 فٹ برف پڑی، 3 جنوری سے 7جنوری تک ایک لاکھ 62 ہزارگاڑیاں مری میں داخل ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق برف باری کے دوران گاڑیوں میں بیٹھے 22 افراد کاربن مونو آکسائیڈ سے جاں بحق ہوئے، 16 مقامات پر درخت گرنے سے ٹریفک بلاک ہوا جب کہ مری جانے والی 21 ہزار گاڑیاں واپس بھجوائی گئیں۔
ابتدائی رپورٹ پروزیراعلیٰ پنجاب نے مری میں گنجائش سے زیادہ گاڑیوں کی آمد پر برہمی کا اظہار کیا۔