سخت سردی میں نوزائیدہ بچی کی زندگی کتوں نے کیسے بچائی؟
چھتیس گڑھ: بھارت میں ایک نوزائیدہ بچی کی زندگی کو کتوں کی جانب سے بچانے کا حیران کُن واقعہ پیش آیا ہے۔
تفصیل اس اجمال کی یہ ہے کہ بھارتی گاؤں میں جب ایک نوزائیدہ بچی کو کھیت میں بے آسرا چھوڑا گیا تو ناصرف ایک کتیا نے اس کا پہرہ دیا بلکہ خود اس کے ننھے منے بچوں نے مکمل برہنہ بچی کے بدن سے اپنا جسم مس کرکے اسے حرارت پہنچائی۔
جانور کی رحم دلی کی خبر نے دنیا کا دل بھی موم کردیا ہے کیونکہ انسانوں نے اس بچی کو سخت سردی میں بے لباس چھوڑا تو کتے اور اس کے بچوں نے ساری رات اسے گرمی پہنچاکر مرنے سے بچایا۔
چھتیس گڑھ ریاست کے ضلع مونگیلی کے ایک گاؤں سریستال کے کھیت میں بے آسرا چھوڑی گئی اس بچی کے تن سے آنول نال کا ایک ٹکڑا بھی جڑا تھا۔ اسے آوارہ کتوں نے بھنبھوڑنے کی بجائے بچایا۔ صبح کو بچی کے رونے کی آواز سے کسان متوجہ ہوئے اور بچی تک پہنچے جو زندہ تھی اور اس پر کوئی خراش تک نہ تھی۔
گاؤں والوں کے مطابق ان کا خیال ہے کہ مادہ کتیا نے رات بھر بچی کا حفاظتی پہرہ بھی دیا ہے۔ بعد ازاں گاؤں کے بزرگوں نے پولیس سے رابطہ کیا اور بچی کو مکمل تندرست بھی قرار دیا۔
پولیس افسر اے ایس آئی چنتارام بنجاور اسے فوری طور پر مقامی ہسپتال لے گیا اور طبی معائنے کے بعد اس کا نام اکنکشا رکھا گیا ہے۔ پولیس نے بچی کے لواحقین کی تلاش شروع کرتے ہوئے تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کردیا ہے۔