بدقسمتی سے کسی حکومت نے کراچی کا نہیں سوچا، وزیراعظم

کراچی: وزیراعظم عمران خان نے کراچی میں گرین لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ (BRT) منصوبے کے افتتاح کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے لیکن بدقسمتی سے کسی حکومت نے شہر قائد کا نہیں سوچا۔
انہوں نے کہا کہ جدید ٹرانسپورٹ سسٹم کراچی کی خوش حالی کے لیے ناگزیر ہے اور گرین لائن اس کی طرف پہلا قدم ہے۔ کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے تمام منصوبوں پر بھرپور پیش رفت جاری ہے لیکن کراچی کو صاف پانی کا سب سے بڑا منصوبہ K4 پر میری خصوصی توجہ ہے اور ان شاء اللہ 2023 میں یہ منصوبہ مکمل ہوجائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں کراچی کی خوش حالی کے لیے خودمختار ماڈرن مینجمنٹ سسٹم دینا ہے، کوئی ماڈرن سٹی ماڈرن ٹرانسپورٹ کے بغیر نہیں چل سکتا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کا انجن آف گروتھ ہے، کراچی کو خوش حال کرنے کا مطلب یہ ہے کہ ہم پاکستان کو خوش حال کررہے ہیں، کراچی کی ٹرانسپورٹ پر کبھی کسی نے توجہ نہیں دی، کراچی کے مینجمنٹ سسٹم پر کبھی توجہ نہیں دی گئی، جب تک کراچی کا مینجمنٹ سسٹم ٹھیک نہیں ہوگا یہ ماڈرن شہر نہیں بن سکتا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ گرین لائن بس منصوبہ جنوری کے وسط تک مکمل فعال ہوجائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ آج خیبر پختونخوا کے ہر خاندان کو ہیلتھ انشورنس مل چکی، جنوری تا مارچ 2022 پنجاب کے بھی ہر خاندان کو ہیلتھ انشورنس مل جائے گی، سندھ حکومت بھی ہیلتھ انشورنس کے کام میں ہمارا ساتھ دے، صحت سے بڑھ کر کوئی سہولت نہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔