بنگلادیش کو 8 وکٹوں سے شکست، پاکستان نے سیریز جیت لی
ڈھاکا: قومی کرکٹ ٹیم نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھی بنگلادیش کو شکست دے دی۔ اس مقابلے میں 8 وکٹوں سے جیت پاکستان کا مقدر بنی۔ یوں پاکستان نے تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے ابتدائی دو مقابلے جیت کر سیریز اپنے نام کرلی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بنگلادیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ڈھاکا میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھی بنگلادیش نے پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 108 رنز تک محدود رہی۔
بنگلادیش کی جانب سے نجم الحسن شنتو 40 رنز بناکر نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پہلی وکٹ کپتان بابراعظم کی صورت محض 12 رنز پر گری، بابر ایک رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ اس کے بعد وکٹ کیپر محمد رضوان اور فخر زمان کے درمیان 85 رنز کی فتح گر شراکت قائم ہوئی۔ محمد رضوان 97 کے مجموعی اسکور پر 45 گیندوں پر 39 رنز بناکر پویلین لوٹے۔
فخر زمان نے شان دار 57 رنز ناٹ آؤٹ کی باری کھیلی۔ بنگلادیش کی جانب سے مستفیض الرحمان اور امین الاسلام نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔