امریکا کی پاکستانیوں کے لیے سفری پابندیوں میں نرمی
واشنگٹن: کورونا کیسز میں نمایاں کمی کے باعث پاکستان سمیت 6 ممالک کے لیے امریکا نے کورونا سفری پابندیاں نرم کردی ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کے سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونشن نے کورونا کے نئے کیسز میں نمایاں کمی آنے پر پاکستان، بھارت، جاپان، لائبیریا، گیمبیا اور موزمبیق کے لیے اپنی کووڈ 19 سفری پابندیوں کو نرم کردیا ہے۔
رواں برس اگست میں امریکا نے پاکستان کو کووڈ19 ٹرویل ایڈوائزری کے رسک لیول 2 میں رکھا تھا تاہم اب کورونا کیسز میں کمی کی وجہ سے پاکستان کو لیول ون کی بھی کم ترین سطح میں شامل کردیا گیا ہے۔
امریکا نے اپنی تازہ ترین ٹرویل ایڈوائزری میں چیک ری پبلک، ہنگری اور آئس لینڈ میں کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر تینوں ممالک کے لیے اپنی سفری سفارشات کو لیول فور یعنی بہت زیادہ رسک تک بڑھادیا ہے اور امریکیوں کو ان ممالک کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں ہفتے کے روز اب تک کے سب سے کم کورونا کیسز کا تناسب 0.78 فیصد ریکارڈ کیا تھا اور روز بروز کورونا کیسز کی تعداد میں خاطرخواہ کمی آرہی ہے۔ یومیہ تعداد 200 تک محدود ہوگئی ہے۔