آصف علی نے آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کا اعزاز جیت لیا
دبئی: قومی کرکٹ ٹیم کے جارحانہ بلے باز آصف علی ایک اور اعزاز حاصل کرتے ہوئے آئی سی سی کے پلیئر آف دی منتھ بن گئے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں نیوزی لینڈ اور افغانستان کے خلاف مقابلوں میں گیند بازوں کے چھکے چھڑانے والے پاکستان کے جارحانہ بلے باز آصف علی کو کرکٹ کی دنیا کے سب سے بڑے فورم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پلیئر آف دی منتھ کا اعزاز دیا ہے۔
آئی سی سی نے پلیئر آف دی منتھ کے لیے پاکستانی کرکٹر آصف علی کے ساتھ بنگلادیش کے شکیب الحسن اور نمیبیا کے ڈیوڈ ویزے کو نامزد کیا تھا اور تینوں میں سے کسی ایک کو منتخب کرنے کے لیے سوشل میڈیا پر رائے طلب کی تھی۔
سوشل میڈیا پر ووٹنگ کے ذریعے آصف علی پلیئر آف دی منتھ قرار پائے، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ آصف علی کے چوکوں اور چھکوں کی برسات کا لطف سوشل میڈیا صارفین بھی اُٹھاتے ہیں۔
آصف علی نے دو اہم میچوں میں قومی ٹیم کو کامیابی دلوانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا اور افغانستان کے خلاف میچ میں تو ایک اوور میں چار چھکے لگا کر سات گیندوں پر 25 رنز بنائے تھے۔