چائنیز ویکسینز لگوانے والے برطانیہ کے سفر کے لیے اہل قرار

اسلام آباد: برطانیہ کی جانب سے پاکستانیوں کے لیے 22 نومبر سے مزید سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ سلطنت برطانیہ نے بڑا قدم اُٹھاتے ہوئے سائنوفارم، سائنو ویک لگوانے والوں کو برطانیہ کا سفر کرنے کے لیے اہل قرار دے دیا۔
پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان سے برطانیہ سفر کرنے والوں کے لیے یہ بڑی خوش خبری ہے، برطانیہ نے سائنو فارم، سائنو ویک اور کوویکسین کو بھی ویکسی نیشن فہرست میں شامل کر لیا، پاکستان سے ان ویکسینز کے ساتھ ویکسی نیٹڈ افراد بھی 22 نومبر سے برطانیہ جاسکیں گے۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے پاکستان بھر میں 11 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 28 ہزار 558 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 12 لاکھ 77 ہزار 560 ہوگئی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔