افغانستان کا مسئلہ سب کو مل کر حل کرنا ہوگا: وزیراعظم
دوشنبے: وزیراعظم پاکستان عمران خان کا کہنا ہے کہ افغانستان کو اس کے حال پر چھوڑا نہیں جاسکتا۔
تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں وزیراعظم عمران خان نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو افغانستان کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا، افغانستان کا مسئلہ سب کو مل کر حل کرنا ہوگا، افغانستان میں طالبان کی عبوری حکومت آچکی ہے، افغانستان کو اس کے اپنے حال پر چھوڑا نہیں جاسکتا، افغانستان کو تنہا چھوڑا گیا تو مختلف بحران ایک ساتھ جنم لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان، افغانستان کی خودمختاری کا احترام کرتا ہے اور وہاں امن کا خواہاں ہے، پاکستان سمجھتا ہے افغان عوام اپنے فیصلے خود کریں، افغانستان میں طالبان کی عبوری حکومت آچکی، افغانستان کی حقیقت دنیا کو تسلیم کرنا ہوگی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہمیں خطے میں عالمی چیلنجز کا سامنا ہے اور ہم نے مل کر ان مسائل سے نمٹنا ہے، موسمیاتی تبدیلی دنیا کے لیے بڑا چیلنج ہے، خطے پر عالمی حدت، ماحولیاتی تبدیلی کے منفی اثرات مرتب ہوئے، پاکستان میں ہم نے بہتر ماحول کے فروغ کے لیے شجرکاری مہم شروع کی، ہم نے ملک کے ہر اس حصے میں پودے لگائے جہاں سبزہ نہیں تھا۔