کور کمانڈر کانفرنس: افغانستان میں امن کیلیے عالمی برادری کی امداد ضروری ہے: آرمی چیف

راولپنڈی: پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ افغانستان میں امن کے لیے عالمی برادری کی امداد ضروری ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈر کانفرنس ہوئی جس میں شرکاء نے عالمی، علاقائی اور اندرونی سلامتی کی صورت حال کا تفصیلی جائزہ لیا، اس موقع پر کانفرنس کو افغانستان اور پاک افغان سرحد کی صورت حال سمیت خطرات سے نمٹنے کے لیے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔


آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے موثر سرحدی انتظام پر اطمینان کا اظہار کیا، جس کے باعث خطے میں بحران کے باوجود پاکستانی سرحد اور اندرونی سیکیورٹی برقرار رہی جب کہ شرکا نے خوش حال اور پُرامن خطے کے لیے تمام علاقائی اسٹیک ہولڈرز کے درمیان قریبی تعاون پر بھی زور دیا۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان سے غیر ملکیوں کے انخلا میں فوج کے تعاون اور کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کی جانب سے افغانستان کے لیے تعمیری مصروفیات اور انسانی مدد پائیدار امن اور استحکام کے لیے ضروری ہے۔
آرمی چیف نے محرم کے پُرامن طریقے سے انعقاد کے لیے افواج کی کوششوں کو سراہتے ہوئے روایتی اور غیر روایتی خطرات سے نمٹنے کی خاطر مکمل تیاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں امن اور استحکام کے لیے بیرونی اور اندرونی قوتوں کے ڈیزائن کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔