طالبان کا سرکاری ملازمین کو عام معافی دینے کا اعلان
کابل: طالبان کا سرکاری ملازمین کو عام معافی دینے کا اعلان، اس ضمن میں افغان طالبان کی جانب سے مزید کہا گیا کہ کابل میں حالات نارمل ہیں، سرکاری ملازمین کام پر واپس آجائیں۔ دوسری طرف بھارت نے کابل سے سفارتی عملے کے 120 ارکان کو واپس بلا لیا۔
افغانستان میں طالبان حالات معمول پر لانے کے لیے متحرک ہوگئے، تمام سرکاری افسروں اور ملازمین کے لیے عام معافی کا اعلان کردیا۔ طالبان رہنماؤں کی طرف سے بڑا اعلان سامنے آیا کہ کابل میں حالات نارمل ہیں، سرکاری ملازمین کام پر واپس آجائیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ سب کے لیے عام معافی ہے۔ اس لیے لوگ پورے اعتماد کے ساتھ معمول کی زندگی گزار سکتے ہیں۔
طالبان ترجمان سہیل شاہین کا کہنا ہے کہ لوگوں کی حفاظت طالبان کی ذمے داری ہے، بھارت کا رونا دھونا افغان حکومت ختم ہونے پر ہے، اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال ہونے نہیں دیں گے۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت نے کابل سے سفارتی عملے کے 120 ارکان کو واپس بلالیا، بھارتی ایئرفورس کا خصوصی طیارہ عملے کو واپس لے کر بھارت پہنچ گیا۔
بھارتی وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ موجودہ صورت حال کے پیش نظر سفارت کاروں اور عملے کو فوری واپس بلالیا، پناہ گزینوں کے لیے خصوصی ویزوں کا اجرا بھی کردیا گیا۔