چین پر دھونس جمانے والوں کا منہ توڑ دیا جائے گا، چینی صدر
بیجنگ: چین کے صدر شی جن پنگ نے خبردار کیا ہے کہ چین پر دھونس جمانے والوں کا منہ توڑ دیا جائے گا، ایسی طاقتوں کو چینیوں کی آہنی دیوار پاش پاش کر دے گی۔
کمیونسٹ پارٹی کے قیام کی 100 ویں سالگرہ پر اپنے خطاب میں چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا کہ 19 ویں اور 20 ویں صدیوں میں مغربی طاقتوں اور جاپان کی محکومی کے بعد کمیونسٹ پارٹی نے چین کی عظمت بحال کی، گزشتہ چند عشروں کے دوران دنیا کی دوسری بڑی معاشی طاقت بنادیا گیا۔
انہوں نے کہا کسی غیر ملکی طاقت کو دھونس جمانے، دبانے یا غلام بنانے کی اجازت نہیں دیں گے، اگر کسی نے ایسا کرنے کی کوشش کی تو ایک ارب 40 کروڑ چینیوں کی آہنی دیوار ان کو پاش پاش کردے گی۔
انہوں نے ہانگ ہانگ میں نظم ونسق بحال کرنے کا اعلان کیا، کمیونسٹ پارٹی کی جانب سے تائیوان کو چین کے زیر تسلط لانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کا فوج پر مکمل کنٹرول برقرار رہے گا، قومی خودمختاری، سلامتی اور ترقی کے مفادات کے لیے چینی فوج کی صلاحیتوں کو مزید نکھار کر اسے عالمی معیار کی ملٹری بنایا جائے گا۔ چینی نیوز ایجنسی کے مطابق تقریب میں 70 ہزار سے زائد افراد شریک ہوئے۔