کورونا خطرناک، وبا پر قابو پانے کیلیے حکومت کا ساتھ دیں: مرتضیٰ وہاب
کراچی: سندھ حکومت کے ترجمان، مشیر قانون، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سندھ حکومت چاہتی ہے کہ کورونا وبا سے بھارت جیسی صورت حال پیدا نہ ہو، شہری رش والی جگہوں پر جانے سے گریز کریں، گھروں سے نکلیں تو ماسک کا استعمال ضرور کریں، خطرناک وبا پر قابو پانے کے لیے حکومت کا ساتھ دیں، ہر فرد خود کو ویکسی نیٹ ضرور کروائے۔ وہ آج سندھ اسمبلی کمیٹی روم میں نیوز کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کورونا وبا پر سیاست کے بجائے حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے، جعلی واٹس ایپ ڈاکٹرز کے مشوروں پر عمل نہ کریں، کورونا ویکسین پر منفی پروپیگنڈا کرکےعام آدمی کا نقصان کیا جارہا ہے، کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں ہیلتھ کیئر ورکرز خراج تحسین کے مستحق ہیں۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ عام آدمی کو قائل کرنے کی ضرورت ہے کہ ماسک نہ پہننے سے خطرات ہوں گے، دنیا کی بڑی طاقتوں کا صحت کا نظام کورونا وائرس کے دباؤ کو برداشت نہیں کرپایا، گزشتہ 24 گھنٹوں میں دوہزار سے زائد کورونا مثبت رپورٹ ہوئے۔
بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی سندھ حکومت عوام دوست ہے پابندیاں عوام کے مفاد میں لگاتے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کراچی 1743افراد کورونا وائرس کا شکار ہوئے، کراچی میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 26 فیصد ہے، کیا ہم اس صورت حال سے نمٹنے کے متحمل ہوسکتے ہیں۔