سی این جی کی قیمت میں 17 روپے اضافہ ظلم ہے، مرتضیٰ وہاب
کراچی: سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے سی این جی کی قیمت میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سی این جی کی قیمت میں سترہ روپے کلو گرام کا اضافہ ظلم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سی این جی کا استعمال غریب اور متوسط طبقہ زیادہ کرتا ہے، کراچی میں ٹرانسپورٹ کے نظام میں سی این جی بطور ایندھن زیادہ استعمال ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت مہنگا نہ کرنے کا اعلان کرکے اچانک نرخ بڑھادیتی ہے، اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں اور اب یہ ظلم بھی کردیا، نااہل سلیکٹڈ نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے، ملک میں صرف مہنگائی کا سونامی جوش مار رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی این جی کی قیمت میں اضافے سے عوام براہ راست متاثر ہوں گے۔