اپوزیشن منفی سیاست چھوڑ کر مثبت سیاست کی طرف آئے، وزیر اطلاعات
اسلام آباد: وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اپوزیشن بکھرا ہوا گروہ ہے، جس کی کوئی سیاست ہے نہ قیادت، انہیں نظر آرہا ہے اگلے 5 سال بھی پی ٹی آئی کے ہیں۔
وزیر اطلاعات فواد چودھری نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کو جتناعرصہ اقتدار سندھ میں ملا اتنا کبھی کسی آمر کو بھی نہیں ملا، ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے پیسہ باہر منتقل کر کے جائیدادیں بنائیں، اپوزیشن کا کام صرف عمران خان کی ذات کو نشانہ بنانا ہے، یہ منفی سیاست چھوڑ کر مثبت سیاست کی طرف آئیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہیں دینا چاہتی، انتخابی اصلاحات سے کنارہ کشی اختیار کررہی ہے۔ حزب اختلاف جان لے عمران خان پر تنقید سے ووٹ بینک نہیں بڑھ سکتا، وزیراعظم کو جتنا تنقید کا نشانہ بنائیں گے وہ مضبوط ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول اور مریم تنقید کرتے ہیں مگر انہوں نے آج تک یہ نہیں کہا کہ ہماری کیا خارجہ پالیسی ہونی چاہیے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ 1947 سے لے کر 2008 تک 6 ہزار ارب قرض لیا، جس سے اسلام آباد کا شہر بنایا، گوادر بنایا، موٹرویز بنائیں، انفرا اسٹرکچر بنایا۔
2008 سے لے کر 2018 تک قرضہ 26 ہزار ارب روپے ہوگیا، ہمیں ہر سال 2 ہزار ارب روپیہ قرضوں کی قسطوں کا سود دینا پڑتا ہے۔ 20 ہزار ارب قرض میں مسلم لیگ ن کی حکومت نے بجلی کے مہنگے منصوبے لگائے، ساہیوال میں کول پاور پلانٹ لگایا، جس سے وہاں ماحولیاتی مسئلہ کھڑا ہوگیا۔ بجٹ میں خرچ زیادہ ہے آمدن کم ہے، اس لیے مشکل میں ہیں۔ بجلی کے مہنگے منصوبوں کی کہانیاں بتائیں تو اپوزیشن کے دوست ناراض ہوکر واک آؤٹ کردیتے ہیں۔