او آئی سی میں چین کے پہلے نمائندے کی تعیناتی
جدہ: اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) میں سعودی عرب کے لیے چین کے سفارت کار چن ویکنگ کو بطور پہلا نمائندہ تعینات کردیا گیا ہے۔
چینی خبر رساں ادارے کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل يوسف بن احمد العثيمين نے چینی نمائندے کی تعیناتی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کورونا وبا کے دوران اسلامی ممالک خاص طور پر غریب ملکوں کی مدد اور تعاون کرنے پر چین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے زور دیا کہ او آئی سی چین کے ساتھ تعلقات کو فروغ دے گی۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران اس مشکل وقت میں اسلامی ممالک خاص طور پر غریب ممالک کی مدد کرنے پر چین کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔
اس موقع پر سعودی عرب کے لیے چین کے سفارت کار چن ویکنگ نے کہا کہ حالیہ برسوں میں چین اور اسلامی ممالک کے درمیان باہمی سیاسی تعاون اور ثقافتی تبادلے مضبوط ہوئے ہیں اور کورونا وبا کے پھیلائو کے بعد اسلامی ریاستوں اور چین نے وبا کے خلاف جنگ اور ویکسین کی تحقیق اور تیاری میں بہتر تعاون پر مل کر کام کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اسلامی تعاون تنظیم کے لیے چین کے پہلے نمائندہ کی حیثیت سے او آئی سی اور اس کے ارکان کے ساتھ تعاون مضبوط بنانے اور او آئی سی کے تعلقات کو ایک نئی سطح پر پہنچانے کے لیے کام کرنے کی خواہش کو عملی جامہ پہنائیں گے۔