کینیڈا میں اسلاموفوبیا کا مذموم واقعہ، پاکستانی خاندان قتل!

لندن اونٹاریو: کینیڈا میں اسلاموفوبیا کا انتہائی افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے، جس میں سفاک دہشت گرد نے پاکستان سے تعلق رکھنے والے خاندان کے چار افراد کو انتہائی بے دردی سے ٹرک تلے کچل ڈالا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ گزشتہ روز کینیڈا کے شہر لندن اونٹاریو میں پیش آیا، جس میں ایک مرد، دو خواتین اور ایک لڑکی جاں بحق ہوئے جب کہ واقعے میں ایک کم سن زخمی ہوا۔

Canadian-Pakistani family killed in a hate crime in Canada
عمر رسیدہ ماں، فزیوتھراپسٹ بیٹا سلمان، بہو اور پوتی جاں بحق ہوئی جب کہ 9 برس کا پوتا شدید زخمی ہوا۔
بتایا جاتا ہے کہ پاکستانی خاندان کا تعلق لاہور سے تھا، ٹرک سے روندنے والا دہشت گرد مذہبی تعصب میں مبتلا تھا جسے پولیس نے گرفتار کرلیا۔
کینیڈین میڈیا کے مطابق حملہ آور مقامی شہری ہے جسے ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کیا گیا جہاں اس پر قتل کے 4 اور اقدام قتل کا ایک الزام عائد کیا گیا۔
کینیڈین پولیس نے حملے کو مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیزی کا واقعہ قرار دیا ہے اور لندن ڈیٹکٹو سپرنٹنڈنٹ پال ویٹ کا کہنا ہے کہ باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت حملہ کیا گیا اور حملہ آور پر فرسٹ ڈگری قتل کے الزامات عائد کیے گئے ہیں، ملزم کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کا جائزہ لے رہے ہیں۔


میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ جاں بحق ہونے والے 46 سال کے سلمان فزیوتھراپسٹ اور ان کی 44 سالہ بیوی ویسٹرن یونیورسٹی لندن میں پی ایچ ڈی کی طالبہ تھیں جب کہ سلمان کی 74 سالہ والدہ پاکستان سے وزٹ ویزے پرکینیڈا آئی تھیں، واقعے میں سلمان کی 15 سال کی بیٹی بھی جاں بحق ہوئی جب کہ ایک بچہ زیرعلاج ہے۔
دوسری طرف دہشت گردی کے ایک اور واقعے سے پاکستانیوں سمیت مسلم کمیونٹی تشویش میں مبتلا اور ان میں شدید خوف و ہراس بھی پایا جاتا ہے۔
اس مذموم واقعے پر کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا کہنا ہے کہ لندن اونٹاریو واقعے نے مجھے ہلاکر رکھ دیا، نفرت انگیز واقعے کا شکار افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں، لندن اونٹاریو سمیت ملک بھر کی مسلم کمیونٹی کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کینیڈا میں اسلاموفوبیا کے لیے کوئی جگہ نہیں، اس نفرت کو ختم کرنا ہوگا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔