سعد رفیق کے گناہ پر سواتی سے استعفے کا مطالبہ بے تکی بات ہے، وزیر اطلاعات
اسلام آباد: وزیر اطلاعات نے ڈہرکی ٹرین حادثے میں وزیر ریلوے اعظم سواتی سے استعفے کے مطالبے کو بے تکا قرار دیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر کیا کرسکتا ہے، وزیر خامیاں اور اس کا حل بتاتا ہے، اس کی ہدایت پر عمل درآمد کے بعد حادثہ ہوگا تو وہ ذمے دار بھی ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیر ریلوے سعد رفیق کے گناہ پر اعظم سواتی استعفیٰ دے دیں یہ بے تکی بات ہے، پچھلی حکومتوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے، یہ لوگ اتنے سال حکمران رہے، کیا کرتے رہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ایم ایل ون کا منصوبہ مکمل ہوگا تو حادثات میں کمی آئے گی، حادثے کی وجوہ پر اتنی جلدی کوئی بیان نہیں دے سکتا، جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور ابتدائی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔