انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے دوروں کیلیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان
لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورۂ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز میں شامل 3 ون ڈے، 2 ٹیسٹ اور 8 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کے لیے اسکواڈز کا اعلان کردیا گیا۔
اعلان کردہ اسکواڈ میں چار کھلاڑیوں، حارث سہیل اور عماد وسیم کی بالترتیب ون ڈے انٹرنیشنل اور قومی ٹی 20 اسکواڈز جب کہ محمد عباس اور نسیم شاہ کی قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔ مڈل آرڈر بیٹسمین اعظم خان کو پہلی مرتبہ قومی ٹی20 اسکواڈ جبکہ سلمان علی آغا کو قومی ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
لیگ اسپنر یاسر شاہ تاحال گھٹنے کی انجری سے صحت یاب نہیں ہوسکے، لہٰذا ان کی قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شمولیت فٹنس سے مشروط رکھی گئی ہے۔ لیگ اسپنر کو اسی انجری کی وجہ سے زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ اسکواڈ سے باہر کیا گیا تھا۔
دوسری جانب نعمان علی، ساجد خان اور زاہد محمود کو بھی ویسٹ انڈیز کے خلاف قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے۔
بائیں ہاتھ کے بلے باز فخر زمان کو جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں عمدہ کارکردگی کی بدولت قومی ٹی20 اسکواڈ میں بطور اضافی کھلاڑی شامل کیا گیا تھا، انہیں ٹی20 اسکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے۔
دورے کے لیے اعلان کردہ قومی ون ڈے اور ٹی20 انٹرنیشنل اسکواڈز بالترتیب18 اور 19 کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔ ان دونوں اسکواڈز میں 13 کھلاڑی ایسے ہیں جو دونوں طرز کی کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں مجموعی طور پر 21 کھلاڑی شامل ہیں۔ ان 21 میں سے 8 کرکٹرز ایسے ہیں جو تینوں فارمیٹ میں قومی اسکواڈ کی نمائندگی کررہے ہیں۔
ون ڈے اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا۔ کپتان بابر اعظم، شاداب خان (نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، فہیم اشرف، فخر زمان، حیدر علی، حارث رؤف، حارث سہیل، حسن علی، امام الحق، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، سرفراز احمد(وکٹ کیپر)، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان قادر۔
ٹی 20 اسکواڈ میں کپتان بابر اعظم، شاداب خان (نائب کپتان)، ارشد اقبال، اعظم خان، فہیم اشرف، فخر زمان، حیدر علی، حارث رؤف، حسن علی ، عماد وسیم، محمد حفیظ، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان(وکٹ کیپر)، محمد وسیم جونیئر، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، شاہین شاہ آفریدی، شرجیل خان اور عثمان قادر شامل ہیں۔
ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کھلاڑی یہ ہیں۔ کپتان بابراعظم، محمد رضوان (نائب کپتان) (وکٹ کیپر)، عبداللہ شفیق، عابد علی، اظہر علی، فہیم اشرف، فواد عالم، حارث رؤف ، حسن علی، عمران بٹ، محمد عباس، محمد نواز، نسیم شاہ، نعمان علی، ساجد خان، سرفراز احمد(وکٹ کیپر)، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی، شاہ نواز دھانی، یاسر شاہ (فٹنس سے مشروط) اور زاہد محمود۔
قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر محمد وسیم کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کی سلیکشن میں تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کرتے ہوئےانہی کھلاڑیوں کو قومی اسکواڈز میں شامل کیا ہے جو گزشتہ کچھ عرصے سے اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ کے تین میچز کےعلاوہ آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈکپ سے قبل انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف مجموعی طور پر 8 ٹی20 انٹرنیشنل میچز کی وجہ سے ہمارے لیے ان دونوں ممالک کے دورے بہت اہم ہیں۔
محمد وسیم نے کہا کہ کپتان بابراعظم اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کی مشاورت سے انہوں نے وننگ کمبی نیشن کو برقرار رکھنے کی کوشش کی ہے، اس کے ساتھ انہوں نے 4 سینئر کھلاڑیوں کو دوبارہ قومی اسکواڈز میں شامل کرلیا ہے، اس دوران مڈل آرڈر بیٹسمین اعظم خان کو پہلی مرتبہ قومی ٹی 20 اسکواڈ کا حصہ بنالیا گیا ہے۔