تاجک صدر کا ایوان وزیراعظم میں شاندار استقبال، گارڈ آف آنر پیش
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے تاجکستان کے صدر امام علی رحمان کی وزیراعظم ہاؤس آمد پر استقبال کیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
تاجکستان کے صدر کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، تاجکستان کے صدر امام علی رحمان وزیراعظم ہاؤس پہنچے، جہاں وزیراعظم عمران خان نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔
معزز مہمان کی وزیراعظم ہاؤس آمد پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے اور تاجک صدر امام علی رحمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے تاجک صدر سے کابینہ ارکان کا تعارف کروایا۔
وزیراعظم عمران خان اور تاجک صدر کے مابین ون آن ون اور وفود کی سطح پر ملاقات ہوگی، جس میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاع، تعلیم، علاقائی رابطوں پر تبادلہ خیال ہوگا۔
اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں سیکرہٹری خارجہ سہیل محمود اور تاجک سفیر عمران حیدر بھی موجود تھے۔
ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، تعاون سمیت باہمی دلچسپی کےامورپرتبادلہ خیال کیا گیا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان، تاجکستان میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پُرعزم ہیں، دو طرفہ تجارتی تعلقات بڑھانے کے حوالے سے وسیع مواقع موجود ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ کاسا 1000 جیسے اہم منصوبوں کی تکمیل معاون ثابت ہوگی، جنوبی و وسطی ایشیا میں توانائی راہداری کے قیام میں معاون ثابت ہوگی۔
شاہ محمود نے تاجک صدر کو افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان کی مصالحانہ کوششوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا پاکستان، خطے کی تعمیر و ترقی کے لیے افغانستان میں امن کو ناگزیر سمجھتا ہے۔
واضح رہے کہ تاجک صدر وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر دورۂ پاکستان کے لیے پہنچے ہیں، امام علی رحمان اپنے دورہ پاکستان کے دوران صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے بھی ملاقات کریں گے۔