سپرماریو کا 35سال پرانا گیم 10 کروڑ روپے میں فروخت

ڈیلاس: سپرماریو برادرز کی 35 سال قدیم گیم کارٹریج اب چھ لاکھ ساٹھ ہزار ڈالر میں فروخت ہوئی ہے جو دس کروڑ پاکستانی روپے کے لگ بھگ ہے۔
ڈیلاس میں واقع نیلامی کی کمپنی نے کہا کہ سپرماریو برادرز کی گیم کارٹریج(کیسٹ) 1986 میں کرسمس پر تحفے کے لیے خریدی گئی تھی اور یہ دفتر کی دراز میں رکھی تھی۔
اس گیم کی مہر بھی نہیں کھولی گئی اور یوں اسے استعمال کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ اس طرح کسی نیلامی میں پیش کیا جانے والا یہ گیم سب سے بہترین حالت میں ملا ہے۔ اس گیم کا پہلا ورژن 1986 میں نائنٹینڈو نے ریلیز کیا تھا لیکن 1987 میں اس کی پیکنگ تبدیل کردی تھی اور یہی وجہ ہے کہ 1986 کی پیکنگ والے صرف چند گیم ہی موجود ہیں جو اب نایاب ترین شمار ہوتے ہیں۔
ہیریٹیج آکشنز سے وابستہ ماہر ویلری مِک لیکی کے مطابق اس گیم کی کاپیاں بہت کم بنائی گئیں اور اب خال خال ہی ملتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ یہ سپرماریو برادرز کی یہ نایاب گیم کارٹریج ہوش ربا داموں پر فروخت ہوئی۔ اس سے قبل گزشتہ نومبر سپر ماریو برادرز تھری کی گیم کارٹریج ایک لاکھ چھپن ہزار ڈالر میں نیلام ہوئی تھی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔