جاوید میانداد نے ڈی کک کو درست قرار دے دیا
کراچی: لیجنڈ بلے باز جاوید میانداد نے ڈی کک کو درست قرار دے دیا جب کہ فخر زمان کے متنازع رن آؤٹ پر سابق کپتان نے کہا کہ بیٹسمین کو اپنی وکٹ پہلی محبت کی طرح عزیز ہونی چاہیے۔
دوسرے ون ڈے کے آخری اوور میں جنوبی افریقی وکٹ کیپر کوئنٹین ڈی کک نے جعلی فیلڈنگ سے پاکستانی اوپنر فخر زمان کو رن آؤٹ کرانے کی راہ ہموار کردی تھی، وہ صرف 7 رنز کی کمی سے ون ڈے کرکٹ میں اپنی دوسری ڈبل سنچری مکمل نہیں کرپائے تھے، ڈی کک کی اس حرکت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، البتہ سابق کپتان اور عظیم بیٹسمین جاوید میانداد اسے درست سمجھتے ہوئے انہیں اسمارٹ کرکٹر قرار دیتے ہیں۔
ایک انٹرویو میں میانداد نے کہا کہ کوئی بھی کرکٹر کسی بھی قسم کی صورت حال میں اپنی نگاہیں گیند سے نہیں ہٹاسکتا، آپ کو اپنی وکٹ اتنی ہی عزیز ہونی چاہیے جتنا کسی مرد کو اپنی محبت ہوتی ہے، جب آپ ایسا کرتے ہیں تو پھر ایسے رن آؤٹ نہیں ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ سنا ہے پاکستانی ٹیم خود بھی حریف سائیڈ کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے ایسے حربے استعمال کرتی رہی ہے، انہوں نے کہا کہ ہم بھی ایسا کرتے تھے، میں خود یہ ظاہر کرتا تھا کہ جیسے گیند بولر اینڈ کی جانب پھینک رہا ہوں مگر اصل میں وکٹ کیپر کی جانب پھینک کر حریف پلیئر کو رن آؤٹ کرنے کی کوشش کرتا، اسے چالاکی سمجھنا چاہیے۔
یاد رہے کہ دوسرے ون ڈے میں پاکستان ٹیم کو 17 رنز سے شکست ہوئی جس کی وجہ سے سیریز 1-1 سے برابر اور تیسرا میچ فیصلہ کن حیثیت اختیار کرگیا ہے۔