کسانوں کی اپیل پر پورا بھارت بند، ٹرینیں روک کر احتجاج
نئی دہلی: متنازع زرعی قوانین کے خلاف سراپا احتجاج بھارتی کسانوں نے پورا ملک بند کرادیا، متعدد علاقوں میں سڑکیں اور ٹرینیں روک کر احتجاج کیا جارہا ہے۔ بازار، شاپنگ مالز اور دکانوں کو تالے لگ گئے، کاشت کاروں کا کہنا ہے ان کا یہ احتجاج مکمل پُرامن ہے۔
اس باعث مودی سرکار کو بُری طرح ہزیمت کا سامنا ہے۔ کسانوں نے پورا بھارت بند کرادیا۔ متعدد علاقوں میں سڑکیں بلاک اور ٹرینیں بند کرکے احتجاج کیا جارہا ہے۔ متحدہ کسان مورچہ کی اپیل پر پورے بھارت میں بازار، شاپنگ مالز اوردکانوں کو تالے لگ گئے۔ ہڑتال کا وقت صبح 6 سے شام 6 بجے تک ہے۔ کسان رہنما درشن پال کا کہنا ہے ان کا ملک گیر احتجاج پُرامن ہے۔
کاشت کاروں کو ٹریڈ یونین اور تاجر تنظیموں کی حمایت حاصل ہے۔ وکلا برادری، طلبا اور اپوزیشن بھی کسانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
گھر بار چھوڑ کر لاکھوں کسان دلی کے اردگرد غازی پور، سنگھو اور ٹکری باررڈ پر موجود ہیں۔ مظاہرین نے مطالبات کی منظوری تک ڈٹے رہنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ بھارتی کسان تین متنازع قوانین کی واپسی کے لیے 26 نومبر سے سڑکوں پر ہیں۔