کورونا وبا سے 40 افراد جاں بحق، مزید 3449 نئے مریض!

اسلام آباد: پاکستان بھر میں کورونا وائرس سے ایک دن میں مزید 40 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ ساڑھے 3 ہزار کے قریب مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
این سی او سی کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 42 ہزار 845 کورونا ٹیسٹ کیے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 96 لاکھ 91 ہزار 87 ہوگئی ہے۔
پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 3 ہزار 449 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 19 ہزار 259 ہوگئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں 2 لاکھ 62 ہزار 503، پنجاب میں ایک لاکھ 93 ہزار 54، خیبر پختونخوا میں 77 ہزار 972، اسلام آباد میں 50 ہزار 96، بلوچستان میں 19 ہزار 290، آزاد کشمیر میں 11 ہزار 377 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 967 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 27 ہزار 188 ہے جب کہ 2 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 40 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 13 ہزار 757 ہوگئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق کورونا سے ایک دن میں 813 مریض صحت یاب ہوئے، جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 78 ہزار 314 ہوگئی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔