کوسووو نے مقبوضہ بیت المقدس میں اپنا سفارت خانہ کھول لیا!
مقبوضہ بیت المقدس: کوسووو نے مقبوضہ بیت المقدس میں باضابطہ طور پر اپنا سفارت خانہ کھول لیا۔
عرب میڈیا کے مطابق کوسووو نے مقبوضہ بیت المقدس میں اپنا سفارت خانہ کھولنے کی تصدیق کی ہے، جس کے بعد وہ مقبوضہ بیت المقدس میں سفارت خانہ کھولنے والا پہلا یورپی ملک بن گیا ہے۔
کوسووو کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مقبوضہ بیت المقدس میں سفارت خانہ کھولے جانے کا اقدام اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے کے بعد کیا گیا ہے۔
کوسووو نے یکم فروری کو وائٹ ہاؤس میں ایک سمٹ کے دوران اسرائیل سے سفارتی تعلقات قائم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
کوسووو کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اس نے اپنا سفارت خانہ اسرائیل میں کھولا ہے اور اس کا ہیڈ کوارٹر باضابطہ طور پر مقبوضہ بیت المقدس میں قائم کردیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کوسووو نے امریکا اور گوئٹے مالا کے بعد مقبوضہ بیت المقدس میں اپنا سفارت خانہ قائم کیا ہے۔
کوسووو کی وزارت خارجہ کی ایک خاتون عہدیدار کی جانب سے سفارت خانے کی تصاویر بھی ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی ہیں جس میں خاتون کو اسرائیل اور کوسووو کے جھنڈوں کے ساتھ سفارت خانے کے باہر کھڑا دیکھا جاسکتا ہے۔
خاتون عہدیدار نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ انہیں اسرائیل کے ساتھ تاریخی تعلقات پر فخر ہے اور کوسووو نے باضابطہ طور پر مقبوضہ بیت المقدس میں اپنا سفارت خانہ کھول لیا ہے۔
خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات سمیت کئی عرب ممالک بھی اسرائیل سے اپنے تعلقات قائم کرچکے ہیں۔