پی ایس ایل 6 کے بقیہ مقابلے جون میں کرانے کا فیصلہ!

لاہور: پی ایس ایل کے حوالے سے شائقین کے لیے خوش خبری سامنے آئی ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملتوی ہونے والے مقابلے جون میں کرانے کا فیصلہ کرلیا۔
پاکستان سپر لیگ کے کراچی میں ہونے والے میچز کے دوران اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی فواد احمد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد خطرے کی گھنٹی بج گئی تھی، جس کے بعد کچھ کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے اور کرکٹ بورڈ کی طرف سے ایونٹ کو ملتوی کرنا پڑا۔
پی ایس ایل ملتوی ہونے کے بعد کرکٹ بورڈ نے فیصلہ کیا تھا کہ ہر حال میں ملتوی ہونے والے میچز کروائے جائیں گے جس کے لیے ونڈو تلاش کی جائے گی۔
جمعرات کو پی سی بی کے ہونے والے اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ پی ایس ایل کے ملتوی ہونے والے مقابلے جون میں کروائے جائیں گے۔
پی سی بی کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کی مئی/ اپریل اور اگست/ستمبر میں بین الاقوامی مصروفیات کے باعث جون کی ونڈو کو ایونٹ کے لیے سب سے موزوں قرار دیا گیا ہے۔ ایونٹ کے بقیہ 20 میچز اب قومی کرکٹ ٹیم کی 13 مئی کو زمبابوے سے واپسی اور 26 جون کو انگلینڈ روانگی کے درمیان شیڈول کیے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب میں مون سون کو مدنظر رکھتے ہوئے پی ایس ایل کو کراچی میں کرانے پر اتفاق کیا گیا۔ بائیو سیکیور ببل انتظامات کے لیے تھرڈ پارٹی سے خدمات لی جائیں گی۔
فرنچائز ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کی دستیابی کا جائزہ لے رہے ہیں، شدید گرمی کے دوران تمام میچز شہر قائد میں ہی ہوں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔