ارجنٹائن میں مچھروں کا طوفان، شہری خوف زدہ!
بیونس آئرس: ارجنٹائن میں مچھروں کا طوفان، شہریوں کو خوف و ہراس میں مبتلا کردیا۔ بے شمار مچھر بگولے کی صورت یوں اُڑ رہے ہیں کہ ان پر مچھروں کے طوفان کا گمان ہوتا ہے۔
یہ ویڈیو ایک کارسوار نے بنائی ہے جو پہلے اسے گردوغبار کا طوفان سمجھا لیکن قریب پہنچنے پر انکشاف ہوا کہ درحقیقت یہ مچھروں کا ایک خوف ناک غول ہے۔ اس ویڈیو کو اب تک بڑی تعداد میں دیکھا گیا ہے اور کسی نے اسے موسمیاتی تبدیلی سے تعبیر کیا ہے تو دیگر افراد نے مچھروں کی نسل خیزی قرار دیا ہے۔
ویڈیو بنانے والے شخص نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں ایسا منظر نہیں دیکھا کہ گویا مچھروں کی بڑی تعداد پھٹ پڑی ہو۔ بیونس آئرس کے اطراف مسلسل بارشوں کے بعد یہ منظر دیکھا گیا ہے، جہاں مچھروں نے بڑی تعداد میں انڈے دیے اور اس کے بعد ان گنت مچھروں نے اُڑان بھری اور بگولے کی شکل اختیار کرلی۔
ارجنٹائن میں مرکز برائے پیراسائٹ اور ویکٹرڈیزیز کے سربراہ ہوآن ہوزے گارشیا نے کہا کہ مسلسل بارش سے ہر جگہ پانی کے بڑے جوہڑ اور تالاب بن گئے۔ ان پر مادہ مچھروں نے بڑی تعداد میں انڈے دیے اور ان سے نمودار ہونے والے مچھروں نے یہ شکل اختیار کرلی جو آج دکھائی دے رہی ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اس طرح مچھروں کی بڑی تعداد گھروں اور شہروں تک بھی پہنچ سکتی ہے۔
دوسری جانب ماہرِ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ لانینا موسمیاتی مظہر کی وجہ سے ملک میں نمی کی مقدار زائد ہے اور مچھروں کی بھرمار ہوسکتی ہے، تاہم اس کیفیت سے کسان بہت خوش ہیں کیونکہ فصلیں اچھی ہوں گی اور جنگلات کی آگ کا خدشہ بھی کم کم ہوجائے گا۔