حکومت قطر ایل این جی کی قیمت کم کرنے پر راضی!
اسلام آباد: قطر اور پاکستان کے درمیان ایل این جی کی قیمت میں کمی پر اتفاق رائے ہوگیا۔
قطری حکومت ایل این جی کی قیمت 11 ڈالر فی MMBT سے کم کرکے 9 ڈالر کرنے پر رضامند ہوگئی ہے، جس سے پاکستان کو 2 ارب ڈالر کے لگ بھگ رقم کی بچت ہوگی، اس حوالے سے معاہدے کا ڈرافٹ تیار کرلیا گیا ہے، قطر کے وزیر مملکت برائے توانائی سعد بن شریدالقابی آج اسلام آباد میں ایوان وزیراعظم میں ہونے والی تقریب میں معاہدے پر دستخط کریں گے۔
پاکستان اور قطر کے درمیان 2016 میں ایل این جی کی فراہمی کا 15 سالہ معاہدہ ہوا تھا جس کی مالیت 15 ارب ڈالر سے زائد تھی، وزیراعظم عمران خان نے اقتدار سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے دورہ قطر کے دوران امیر قطر سے اس معاہدے پر نظرثانی کرنے کی درخواست کی تھی جب کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی اس معاہدہ پر نظرثانی کے لیے متحرک رہے اور انہوں نے پس منظر میں رہتے ہوئے اہم ترین کردار ادا کیا۔
چیف آف آرمی اسٹاف کے کچھ عرصہ قبل دورۂ قطر کے دوران امیر قطر سے ملاقات میں قطری حکومت نے ایل این جی کی قیمت پر نظرثانی پر رضامندی ظاہر کردی تھی جس کے نتیجے میں آج یہ معاہدہ ہونے جارہا ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق قیمتوں میں کمی سے پاکستان کو 2 ارب ڈالر کے لگ بھگ بچت ہوگی جو بہت بڑا معاشی فائدہ ہے، سفارتی حلقوں کے مطابق اس نئے معاہدے سے پاکستان اور قطر کے برادرانہ تعلقات میں مزید مضبوطی پیدا ہوگی۔