سینیٹ انتخابات، رؤف صدیقی کی اپیل مسترد!

کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے ایم کیو ایم رہنما رؤف صدیقی کی الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف اپیل مسترد کردی۔
الیکشن ٹریبونل اور ریٹرننگ افسر نے سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے کے لیے رؤف صدیقی کی جانب سے داخل کیے گئے کاغذات نامزدگی کو مسترد کردیا تھا۔
ریٹرننگ آفیسر کا اعتراض تھا کہ رؤف صدیقی کی تعلیم 16 برس کی نہیں جب کہ رؤف صدیقی نے ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا تاہم ہائی کورٹ نے بھی الیکشن ٹریبونل اور ریٹرننگ افسر کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے رؤف صدیقی کی درخواست مسترد کردی۔
عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رؤف صدیقی نے کہا کہ میرا الیکشن تو گیا بھاڑ میں، تمام شرائط پر پورا اتر رہا ہوں مگر صرف دو سال کا مسئلہ ہے، جن لوگوں نے دو سالہ ڈگری کی ہے اسے ریگولرائزڈ کرانا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم ہمیشہ ناٹ فار سیل رہی ہے، سینیٹ الیکشن میں ایم کیو ایم کا کوئی رکن نہیں بکے گا اور نہ بکا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔