حلیم عادل شیخ تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے!

کراچی: سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
پولیس نے حلیم عادل شیخ اور دیگر ملزمان کو بکتر بند گاڑی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
عدالت میں دورانِ سماعت تفتیشی افسر نے حلیم عادل شیخ اور دیگر ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔
سرکاری وکیل نے عدالت سے پانچ روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جس کی حلیم عادل کے وکیل نے مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ کیس نہیں بنتا لہٰذا ریمانڈ کی درخواست مسترد کی جائے۔
تاہم عدالت نے پولیس کی استدعا منظور کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل، غلام مصطفیٰ، عبدالحسیب، محمود اور رمضان کا تین روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
عدالت نے پولیس کو ملزمان کو جمعہ کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پی ایس 88 ملیر کے ضمنی انتخابات کے موقع پر حلقے میں ہنگامہ آرائی کے دوران پولیس نے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کو الیکشن کمیشن کی شکایت پر گرفتار کیا تھا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔