دُنیا کا سب سے چھوٹا گرگٹ!

میونخ: مڈغاسکر اور جرمن سائنس دانوں نے جزیرہ مڈغاسکر کے شمالی حصے میں جنگلات سے ایک ایسا گرگٹ دریافت کیا جو صرف 0.7 انچ (19.3 ملی میٹر) لمبا ہے۔ بروکیشیا نانا(Brookesia nana) نامی یہ گرگٹ اتنا چھوٹا ہے کہ انسانی ناخن پر آرام سے سما جاتا ہے۔ اسی باعث اسے دنیا کا سب سے چھوٹا گرگٹ ہونے کے ساتھ مختصر ترین ہوّام (ریپٹائل) بھی قرار دیا گیا ہے۔
نیچر پبلشنگ گروپ کے ریسرچ جرنل ”سائنٹیفک رپورٹس“ کے تازہ شمارے میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق، مڈغاسکر کے جنگلات سے اس کی صرف ایک مادہ اور ایک نر ہی ملے، تاہم اس قسم کے دوسرے گرگٹ ان ہی جنگلات میں چھپے ہوسکتے ہیں۔
بروکیشیا نانا، المعروف ”نینو گرگٹ“ کے نر اور مادہ، دونوں ہی بالغ ہیں جن میں مادہ کی لمبائی، نر کے مقابلے میں نسبتاً لمبی ہے۔
نینو گرگٹ میں نر کی جسمانی لمبائی 13.5 ملی میٹر جب کہ دُم سمیت لمبائی 21.6 ملی میٹر ہے۔ مادہ نینو گرگٹ کی جسمانی لمبائی 19.2 ملی میٹر جب کہ دُم سمیت لمبائی 28.9 ملی میٹر ہے۔
اس گرگٹ کی جسامت، ایک عام چیونٹی سے کچھ ہی زیادہ ہے۔
مذکورہ تحقیقی رپورٹ کے مصنّفین کو خدشہ ہے کہ گرگٹ کی یہ نودریافت شدہ قسم شاید پہلے ہی معدومیت کے خطرے سے دوچار ہے کیونکہ مڈغاسکر کے اس حصے میں جنگلات کی بے دریغ کٹائی جاری رہی ہے جس سے یہاں کا قدرتی حیاتیاتی ماحول (ایکو سسٹم) بڑی شدت سے متاثر ہوا ہے۔
البتہ انہیں امید ہے کہ اس جیسی ہزاروں دوسری جاندار انواع مکمل معدومی سے بچ جائیں گی، کیونکہ حال ہی میں اس علاقے کو شکار اور جنگلات کی کٹائی سے محفوظ قرار دیا گیا ہے، جس کے بعد نہ تو یہاں کسی جانور کا شکار کیا جاسکتا ہے اور نہ ہی جنگلات کی کٹائی ہوسکتی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔