سندھ، انسداد کورونا ویکسین خریدنے کیلیے ایمرجنسی فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ
کراچی: حکومت سندھ نے کورونا ویکسین کی خریداری کے لیے ایمرجنسی فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لیے رواں سال ابتدائی طور پر ڈیڑھ ارب روپے مختص کیے جائیں گے۔
نجی ٹی وی کے مطابق سندھ نے برطانوی کورونا ویکسین بنانے والی ایسٹرا زینیکا اور چینی کمپنی سائنو فارم سے رابطہ کرلیا ہے۔ اس سلسلے میں صوبائی حکومت نے ایمرجنسی فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ رواں سال ابتدائی طور پر ویکسین خریداری کے لیے ڈیڑھ ارب روپے مختص کیے جائیں گے اور پہلے مرحلے میں سندھ کے ایک لاکھ 25 ہزار فرنٹ لائن ورکرز کو ویکسین لگائی جائے گی۔
اس حوالے سے وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا ہے کہ وفاق کی جانب سے کورونا ویکسین حاصل کرنے میں تاخیر کی جارہی ہے، دنیا کے کئی ممالک میں لوگوں کو ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے، لیکن وفاق اب خریداری کے منصوبے بنارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں 60 سال سے زیادہ عمر کے افراد کے لیے آن لائن پورٹل قائم کررہے ہیں۔