پاکستان بھارت کے مذموم عزائم کو بے نقاب کرتا رہے گا، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم کا کہنا ہے کہ بھارتی صحافی کے انکشاف نے مودی سرکار اور بھارتی میڈیا کے ناپاک گٹھ جوڑ کو عیاں کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں نے 2019 میں اقوام متحدہ میں تقریر کے دوران بھارتی سفاکی کوعیاں کیا، مودی حکومت کے بالاکوٹ معاملے کو انتخابی فوائد کے لیے استعمال کرنے کی بات کی تھی، بھارتی صحافی کی حالیہ گفتگو سے بھارتی میڈیا اور مودی سرکار کا ناپاک گٹھ جوڑ افشا ہوگیا اور پاکستان بھارتی مذموم عزائم کو بے نقاب کرتا رہے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ انتخابات جیتنے کے لیے خطرناک فوجی مہم جوئی خطے کو غیر مستحکم کرنے کا باعث بنی، بھارتی ایڈونچر پورے خطے کو عدم استحکام کا شکار کرسکتا تھا، عالمی برادری بھارت کے ناپاک ارادوں سے روکنے کے لیے اقدامات کرے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ذمے دارانہ رویے اور بالاکوٹ پر مناسب جواب کے ذریعے بڑے بحران کو روک لیا، اس کے باوجود مودی حکومت نے بھارت کو شدت پسند ریاست بنانے کا کام جاری رکھا۔ مودی بھارت کو ایسا ملک بنارہا ہے جو دوسرے ممالک کے لیے خطرناک ہو۔