کورونا سے 20 لاکھ ہلاکتیں دل کو رنجیدہ کرنے والا سنگ میل ہے، گوتریس
جنیوا: دُنیا کے کئی حصوں میں کورونا ویکسی نیشن کی مہم جاری ہونے کے باوجود کووڈ-19 سے ہلاکتوں کی تعداد 20 لاکھ سے متجاوز ہوچکی ہے، جس کا ذمے دار اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے عالمی سطح پر مربوط کوششوں کی عدم موجودگی کو ٹھہرایا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے دنیا بھر میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 20 لاکھ سے تجاوز ہونے اور اس ہولناک وائرس سے 9 کروڑ 19 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہونے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے صورت حال کو افسوس ناک قرار دیا ہے۔
امریکا، یورپی اور چند خلیجی ممالک میں کورونا ویکسی نیشن مہم جاری ہے اور ان ممالک میں وبا کے خاتمے کی امید پیدا ہوگئی ہے، تاہم دنیا کے دوسرے حصوں میں ابھی یہ بہت دُور کی بات ہے اور اس حصے کے کئی ممالک کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں کے سنگین ترین سنگ میل پر پہنچ گئے ہیں۔
دنیا کی اکثر آبادی (جن میں زیادہ تر غریب یا ترقی پذیر ممالک شامل ہیں) میں ابھی انسداد کورونا ویکسین کا آغاز ہی نہیں ہوا ہے جب کہ جن ممالک میں ویکسی نیشن جاری ہے وہاں بھی اس عمل کو پورا ہونے میں مزید ایک سال یا 18 ماہ لگ سکتے ہیں۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق وبا کے دوران مجموعی ہلاکتیں برسلز، مکہ، یا ویانا کی آبادی کے برابر ہیں جب کہ زیادہ ہلاکت خیزی براعظم یورپ میں ہوئی جہاں 6 لاکھ 50 ہزار اور 560 اموات ہوئیں جس کے بعد لاطینی امریکا اور کیریبیئن میں 5 لاکھ 42 ہزار جب کہ ریاست ہائے متحدہ امریکا اور کینیڈا میں 4 لاکھ 7 ہزار ہلاکتیں ہوئیں۔
اس صورت حال کو دیکھتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے وبا سے نمٹنے کے لیے عالمی یکجہتی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر مربوط کوششوں کی عدم موجودگی نے وبائی بیماری کے مہلک اثرات کو مزید خراب کردیا ہے جو افسوس ناک بات ہے۔”
اپنے ویڈیو پیغام میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے مزید کہا کہ کورونا ہلاکتوں کی تعداد کا 20 لاکھ کو چھونا دل کو رنجیدہ کرنے والا سنگ میل ہے۔