کراچی میں دھرنے، ٹریفک نظام درہم برہم، 5موٹرسائیکلیں نذرآتش

کراچی: شہر قائد میں سانحہ مچھ کے خلاف 28 مقامات پر دھرنے جاری ہیں، جس سے شہر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہے جب کہ شاہراہ فیصل اور گلستان جوہر کے راستے بند ہونے سے ایئرپورٹ آنے جانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
کراچی میں مرکزی دھرنا نمائش چورنگی پر جاری ہے جس کی وجہ سے ایم جناح روڈ پر بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔
اس کے علاوہ کورنگی کراسنگ اور سخی حسن پر بھی احتجاج کے باعث سڑکیں ٹریفک کے لیے بند ہیں۔
ناتھا خان، کالونی گیٹ، کامران چورنگی، جوہر موڑ، صفورا چورنگی، ابوالحسن اصفہانی روڈ، نیپا، سمامہ پل، ملیر 15، اسٹارگیٹ، پاور ہاؤس، انچولی اور فائیواسٹار چورنگی پر بھی احتجاج کیا جارہا ہے۔
شہر میں ٹاور، عائشہ منزل، ناظم آباد 7 نمبر، ناظم آباد 1 نمبر، اسٹیل ٹاؤن چوک، کورنگی ڈھائی نمبر، سرجانی کے ڈی اے فلیٹ، شاہ فیصل کالونی پل، ضیاء الدین چورنگی، ناگن چورنگی اور پیپلز چورنگی پر بھی احتجاج کیا جارہا ہے۔
شہر کے کئی مقامات پر جاری دھرنوں کی وجہ سے کراچی میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔
دوسری جانب ڈرگ روڈ پر نامعلوم افراد نے 5 موٹرسائیکلوں کو آگ لگادی۔
شاہراہ فیصل اور گلستان جوہر پر دھرنوں کی وجہ سے ایئرپورٹ آنے اور جانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جب کہ ایئرپورٹ کے عملے کو بھی ڈیوٹی پر آنے میں مشکلات کی وجہ سے گزشتہ دو روز سے کئی پروازیں تاخیر کا شکار ہورہی ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔