کورونا سے 39 جاں بحق، 1895 نئے مریض!

اسلام آباد: پاکستان بھر میں مزید ایک ہزار 895 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے جب کہ 39 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔
این سی او سی کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں 24 گھنٹے کے دوران مجموعی طور پر 30 ہزار 139 کووڈ 19 ٹیسٹ کیے گئے۔ اس طرح اس وبا کی تشخیص کے لیے ہونے والے ٹیسٹس کی تعداد 68 لاکھ 49 ہزار 867 ہوگئی ہے۔
پاکستان میں مزید ایک ہزار 895 افراد متاثر ہوگئے ہیں جس کے بعد متاثرہ افراد کی کل تعداد 4 لاکھ 88 ہزار 529 ہوگئی ہے۔ ملک بھر میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 5.92 فیصد ہوگئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق سندھ میں اب تک 2 لاکھ 18 ہزار 597 افراد میں کورونا کے مصدقہ کیسز سامنے آچکے ہیں۔ پنجاب میں ایک لاکھ 40 ہزار 714، خیبر پختونخوا میں 59 ہزار 484، اسلام آباد میں 38 ہزار 263، بلوچستان میں 18 ہزار 247، آزاد کشمیر میں 8 ہزار 357 اور گلگت بلتستان میں کورونا کے مثبت کیسز کی تعداد 4 ہزار 867 ہوگئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں ایک ہزار 797 افراد نے کورونا کو شکست دے دی ہے، جس کے بعد اس وبا سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 42 ہزار 457 ہوگئی ہے۔
پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 39 مصدقہ مریض جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اس وبا سے لقمۂ اجل بننے والے افراد کی تعداد 10 ہزار 350 ہوگئی ہے۔
سندھ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے لیکن اس وبا سے سب سے زیادہ جانی نقصان پنجاب میں ہوا ہے، جہاں 4 ہزار 124 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، سندھ میں 3 ہزار 611، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 675، اسلام آباد میں 428، گلگت بلتستان میں 101، بلوچستان میں 185 اور آزاد کشمیر میں 226 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
این سی او سی کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 35 ہزار 722 ہے، جن میں سے 2 ہزار 242 کی حالت تشویش ناک ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔