کورونا کے وار میں تیزی: 87 افراد جاں بحق، 3179 نئے مریض!
اسلام آباد: پاکستان بھر میں کورونا وائرس سے ایک دن میں 87 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جب کہ 2 ہزار سے زائد افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔
این سی او سی کی طرف سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں 40 ہزار922 کورونا ٹیسٹ کیے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 62 لاکھ 64 ہزار 135 ہوگئی ہے۔
پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 3 ہزار 179 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے، اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 54 ہزار 673 ہوگئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں 2 لاکھ 29 ہزار 83، پنجاب میں ایک لاکھ 30 ہزار 706، خیبر پختونخوا میں 54 ہزار 448، اسلام آباد میں 35 ہزار 905، بلوچستان میں 17 ہزار 880، آزاد کشمیر میں 7 ہزار 937 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 814افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 40 ہزار 922 ہوگئی ہے، جن میں سے 2 ہزار 486 کی حالت تشویش ناک ہے۔ ملک کے چار بڑے شہروں میں تشویش ناک حالت میں مریضوں کی تعداد بڑھنے لگی۔ ملتان میں 46فیصد مریض وینٹی لیٹر پر موجود ہیں۔ اسلام آباد میں 41، پشاور 21 فیصد جبکہ لاہور میں 34 فیصد مریض وینٹی لیٹر پر موجود ہیں۔
پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 87 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 9 ہزار 250 ہوگئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 4 ہزار 649 افراد نے کورونا کو شکست دے دی ہے جس کے بعد اس وبا کے خلاف جاری جنگ جیتنے والے افراد کی تعداد 4 لاکھ 4 ہزار 501 ہوگئی ہے۔