پٹرول بحران کمیشن رپورٹ وزیراعظم کو موصول، کل پبلک ہوگی!
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کو پٹرول بحران پر قائم کردہ کمیشن کی رپورٹ موصول ہوگئی جو کل عوام کے لیے جاری کی جائے گی۔
وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پٹرول بحران انکوائری کمیشن کی رپورٹ کل وفاقی کابینہ اجلاس میں پیش کی جائے گی۔ وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد پٹرول بحران کمیشن کی رپورٹ پبلک کی جائے گی۔
وزیراعظم کے مشیر شہزاد اکبر نے بیان میں کہا کہ وفاقی حکومت کے حکم پر قائم کردہ پٹرولیم کمیشن کی رپورٹ وزیراعظم عمران خان کو موصول ہوگئی ہے۔
شہزاد اکبر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے حکم کے مطابق رپورٹ کل وفاقی کابینہ کو پیش کی جائے گی اور وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق کیبنٹ کی منظوری کے بعد پبلک کی جائے گی، احتساب اور شفافیت صرف تحریک انصاف کا خاصہ ہے۔
رواں سال جون جولائی میں ملک میں پٹرول کی مصنوعی قلت پیدا ہوگئی تھی۔ وفاقی حکومت نے پٹرول کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث کمپنیوں کا پتا لگانے کے لیے انکوائری کمیشن بنایا تھا۔