نیوزی لینڈ میں ایک اور قومی کھلاڑی کورونا کی زد میں آگیا!
کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ میں موجود ایک اور پاکستانی کرکٹر کا کووڈ ٹیسٹ مثبت آگیا، جس کے بعد کورونا کا شکار ہونے والے کرکٹرز کی مجموعی تعداد 8 ہوگئی۔
نیوزی لینڈ کے متعلقہ حکام سے تبادلہ خیال کے بعد پی سی بی کی طرف سے جاری کردہ اپ ڈیٹ کے مطابق اب تک پہلے، تیسرے اور چھٹے روز ہونے والی کووڈ 19 ٹیسٹنگ میں قومی اسکواڈ کے 54 میں سے کُل 8 ارکان کے ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آچکی ہے۔ ان 8 ارکان میں سے 2 کو ہسٹارک (نان انفیکشیس) کیسز قرار دیا گیا ہے، لہٰذا یہ دونوں ارکان اسکواڈ کے دیگر ارکان کے ہمراہ اُسی منزل پر اپنی آئسولیشن کی مدت پوری کررہے ہیں۔
جمعرات کو ہونے والی کووڈ 19 ٹیسٹنگ میں جن ارکان کے ٹیسٹ کے نتائج منفی آئیں گے، انہیں نیوزی لینڈ کی وزارت صحت کی جانب سے حتمی منظوری ملنے کے بعد اپنی آئسولیشن کی بقیہ مدت میں ٹریننگ کی اجازت ملنے کا امکان ہے۔
بارہویں روز کیے جانے والے کووڈ 19 ٹیسٹ کے بعد جو ارکان آئسولیشن کی مدت کے 14 ویں روز ہونے والا اپنا ہیلتھ چیک اپ کلیئر کرلیں گے انہیں نیوزی لینڈ کی وزارت صحت کی جانب سے حتمی منظوری ملنے کے بعد مینیجڈ آئسولیشن چھوڑنے کی اجازت ہوگی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ ناصرف نیوزی لینڈ میں موجود قومی کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ سے مسلسل رابطے میں ہے بلکہ وہ انہیں ٹریننگ میں واپسی سے متعلق ہر اپ ڈیٹ سے بھی آگاہ کررہا ہے۔ ٹیم مینجمنٹ اور تمام کھلاڑی اس عمل کو مکمل سپورٹ کررہے ہیں اور وہ حکومت نیوزی لینڈ کے مقررہ قوانین کے تحت جلد از جلد ٹریننگ کا آغاز کرنے کے منتظر ہیں۔