مصباح چیف سلیکٹر کی ذمے داری سے آزاد!
لاہور: مصباح الحق کی دہری ذمے داری سے جان چھوٹ گئی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے شعبہ فنانس نے مصباح الحق کا بطور چیف سلیکٹر کھاتہ آج سے بند کردیا۔
وہ یکم دسمبر سے صرف ہیڈ کوچ کی تنخواہ وصول کیا کریں گے۔ ذرائع کے مطابق 30 نومبر کو دہری ذمے داری کی مدت پوری ہونے کے ساتھ مصباح الحق چیف سلیکٹر کی ذمے داریوں سے باقاعدہ طور پر آزاد ہوگئے ہیں۔ آفیشلی طور پران کے ساتھ 6 صوبائی کوچز کی بطور سلیکشن کمیٹی ارکان کا قصہ بھی اب ماضی کا حصہ بن گیا۔
14 اکتوبر کو لاہور میں پریس کانفرس کے دوران مصباح نے اعلان کیا تھا کہ اب وہ صرف بطور ہیڈکوچ ہی کام کریں گے، چیف سلیکٹر کا عہدہ 30 نومبر تک ہے۔ اس کے بعد بورڈ نیا چیف سلیکٹر مقرر کرے گا۔ مصباح کے ساتھ صوبائی کوچز پر مشتمل سلیکشن کمیٹی کا تجربہ ناکام ہونے کے بعد اب دوبارہ سے تین سے چار ارکان پر مشتمل روایتی سلیکشن کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے لیے محمد اکرم مضبوط ترین امیدوار ہیں۔
بورڈ حکام دوسرے سابق کرکٹرز سے بھی رابطے میں ہیں، نئی سلیکشن کمیٹی کی پہلی ذمے داری اگلے ماہ ممکنہ جنوبی افریقا ٹیم کی پاکستان آمد پر کھلاڑیوں کا انتخاب ہوگا۔ مہمان بورڈ کی جانب سے معاملات فائنل ہونے کے بعد دسمبر کے دوسرے ہفتے شیڈول کا اعلان متوقع ہے۔