بلاول بہن کی منگنی میں شرکت نہیں کرسکیں گے!

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کورونا وبا میں مبتلا ہونے کے باعث بہن بختاور کی منگنی میں شرکت نہیں کریں گے۔
بختاور بھٹو کی منگنی کی تقریب کل بلاول ہاؤس میں ہوگی، لیکن کورونا وبا کے باعث بلاول ہاؤس میں تقریب کی سرگرمیاں ماند پڑنے لگیں، کیونکہ بلاول بھٹو کورونا کے باعث بہن کی منگنی کی تقریب میں شرکت نہیں کرسکیں گے، وہ گھر کے مخصوص حصے میں قرنطینہ میں ہیں۔
دوسری جانب سابق صدر آصف زرداری نجی اسپتال میں زیر علاج ہیں اور منگنی کی تقریب میں کچھ دیر کے لیے شرکت کریں گے جب کہ بلاول ہاؤس کے اسٹاف کے تین ارکان کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق منگنی کی تقریب میں صرف مخصوص لوگ شرکت کریں گے اور دونوں خاندانوں کے افراد شریک ہوں گے۔
واضح رہے کہ بختاور بھٹو زرداری کی منگنی کے دعوت نامے پر مہمانوں کو کورونا احتیاطی تدابیراختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے اور تمام مہمانوں کو تقریب میں شرکت سے 24 گھنٹے قبل کورونا کے منفی ٹیسٹ کی اسکین کاپی بھی بلاول ہاؤس کو فراہم کرنے کا کہا گیا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔