سرکاری ٹی وی کو بھی ارطغرل جیسے ڈرامے بنانے چاہئیں، شان

کراچی: معروف اداکار شان کا کہنا ہے کہ پی ٹی وی کو بھی ’ارطغرل غازی‘ جیسے ڈرامے بنانے کی ضرورت ہے۔
عرب نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں شان شاہد نے کہا کہ مجھ سے متعلق لوگوں کی غلط فہمی ہے کہ میں ترکش ڈرامہ سیریل ’ارطغرل غازی‘ کے خلاف ہوں، حقیقت یہ ہے کہ میں مخالف کبھی نہیں رہا کیوں کہ وہ مذہبی تاریخ کے اعتبار سے ہم لوگوں کے لیے بہت ہی بہترین ڈرامہ سیریل ہے۔
شان شاہد نے یہ بھی کہا کہ میں بطور پاکستانی شہری یہ حق رکھتا اور جاننا چاہتا ہوں کہ 10 سے 15 سال کے عرصے کے دوران پاکستان ٹیلی وژن اپنے صارفین کے لیے اچھا مواد کیوں پیش نہیں کرسکا؟ ہم اپنے قومی چینل پر دوسرے ممالک کے ڈرامہ نشر کرسکتے ہیں تو ہم خود اس طرح کے ڈرامے کیوں نہیں بنارہے؟ پی ٹی وی کو ایسے تاریخی سیریل پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔


انہوں نے یہ بھی کہا کہ نجی چینلز پر جس طرح کے ڈرامے دکھائے جارہے ہیں، اسے آپ روک نہیں سکتے کیوں کہ انہیں جو ٹھیک لگتا ہے وہ بناتے ہیں، لیکن آپ کے پاس پی ٹی وی جیسا چینل بھی موجود ہے، اگر سرکاری چینل وزیراعظم کی سوچ کے مطابق مذہبی تاریخ پر مبنی ڈرامے دکھائے تو مجھ سمیت بہت سے لوگ دیکھنا ضرور پسند کریں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔