کورونا کا موسمی بیماری بننے کا امکان
بیروت/ دوحہ: سائنسدانوں کا خیال ہے کہ سرما اور زکام کا موسم اب سردی ، زکام اور کورونا وائرس کا موسم بن سکتا ہے۔
لبنان اور قطر میں سائنس دانوں کے تحقیقاتی مقالے کے مطابق معتدل موسم والے علاقوں میں سردیوں کے دوران کووڈ 19 کا پھیلاؤ بہت تیز تھا۔
اگر یہ پیٹرن جاری رہا تو یہ وائرس ہر سال سردیوں میں تیزی سے پھیلے گا اور یہ زکام اور سانس کی دیگر بیماریوں کی طرح ایک موسمی بیماری بن سکتا ہے۔
سائنس دانوں کا خیال ہے کہ موسمی وائرس مثلاً زکام اس لیے سردیوں میں زیادہ ہوتا ہے کیونکہ لوگ زیادہ تر وقت بند جگہوں پر ایک دوسرے کے قریب گزارتے ہیں اور انسان کی قوت مدافعت بھی سردیوں کے دوران کمزور ہوتی ہے جب کہ زکام کا وائرس کم درجہ حرارت میں زیادہ مضبوط ہوتا ہے۔
کورونا وبا کے حوالے سے دستیاب تازہ ترین معلومات بتاتی ہیں کہ یہ وائرس بھی زکام کے وائرس کی طرح ہی پھیلتا ہے۔
لبنان کی امریکن یونیورسٹی آف بیروت کے ڈاکٹر حسن زراکت کا کہنا ہے کہ دستیاب معلومات کی بنیاد پر ہم کہہ سکتے ہیں کووڈ 19 ایک موسمی بیماری بن جائے گی۔
تاہم محققین کا خیال ہے کہ یہ اسی صورت ممکن ہوگا جب ہم اس وائرس کے خلاف مجموعی قوت مدافعت حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں جو وائرس سے متاثر ہو کر یا ویکسین کے ذریعے حاصل کی جاسکتی ہے۔
ڈاکٹر زراکت کہتے ہیں کہ کورونا وائرس ہر سال پھیلے گا، اس لیے عوام کو اس وائرس کے ساتھ زندہ رہنا سیکھنا ہوگا اور اس سے بچنے کے لیے ماسک پہننا، سماجی دوری، صفائی اختیار کرنا اور اجتماعات سے بچنا ہوگا۔