عمر اکمل کی سزا گھٹا کر تین سے ڈیڑھ سال کردی گئی!
لاہور: کرکٹر عمر اکمل کی اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا 3 سال سے کم کرکے ڈیڑھ سال کردی گئی ہے۔
3 سالہ پابندی کے خلاف ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل کی اپیل کا محفوظ فیصلہ سنادیا گیا۔ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں پی سی بی کے آزادانہ ایڈجیوڈیکیٹر جسٹس ریٹائرڈ فقیر محمد کھوکھر نے 17 روز پہلے سماعت کے بعد محفوظ کیے گئے فیصلے سے دونوں فریقین کو آگاہ کیا۔ جس کے مطابق عمر اکمل کی سزا میں ڈیڑھ سال کمی کردی گئی ہے۔ وہ اب 19 اگست 2021 کے بعد سے کھیلنے کے اہل ہوں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ 2020 کے آغاز سے پہلے دو مختلف واقعات میں عمر اکمل نے مشکوک لوگوں سے ملاقات کی تھی، تاہم اس بارے میں ٹیسٹ کرکٹر نے پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کو آگاہ نہیں کیا تھا۔ جس پر لیگ شروع ہونے سے ایک روز پہلے 20 فروری کو انہیں فوری طور پر معطل کردیا گیا تھا۔ لیگ کے بعد پی سی بی کے اینٹی کرپشن ٹریبونل کے جج جسٹس ریٹائرڈ فضل میراں چوہان نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے انہیں 3 سال پابندی کی سزا سنائی تھی۔