ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز کے صدر کا دودھ کی قیمتوں میں مزید اضافے کا عندیہ!
کراچی: ڈیری اینڈ کیٹل فارمر کے صدر شاکر گجر نے دودھ کی قیمتوں میں مزید بڑھوتری کا عندیہ دے دیا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شاکر گجر نے کہا کہ کراچی میں دودھ 110 روپے لیٹر فروخت ہوتا رہا ہے مگر دودھ زبردستی 90 روپے لیٹر فروخت کرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
شاکر گجر نے کہا کہ فی الحال 120 روپے فی لیٹر دودھ فروخت کیا جائے گا اور دودھ کی قیمت میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا، کمشنر کراچی کو بات چیت کا راستہ اپنانا چاہیے طاقت کا نہیں۔
دوسری جانب کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے کہا کہ ہم نے دودھ کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی مگر کسی دکان دار کو اجازت نہیں کہ اپنی مرضی سے دودھ کی قیمت بڑھادے۔
کمشنر کراچی نے بتایا کہ پچھلے کچھ دنوں میں منافع خوروں کے خلاف کارروائی کی ہے، ڈیری فارمرز سے سپلائی ہونے والے دودھ کا کوئی ریکارڈ نہیں ہوتا تاہم ڈیری فارمرز اور ہول سیلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانا ہوگا۔
دھیان رہے کہ کراچی میں شیرفروشوں نے قیمتوں میں من مانا اضافہ کرتے ہوئے 10 روپے فی لیٹر قیمت بڑھادی اور شہر میں دودھ 120 روپے لیٹر فروخت کیا جارہا ہے۔