قومی قیادت کا اہم اجلاس: ملکی سلامتی، خودمختاری کے ہر قیمت پر تحفظ کا عزم!
اسلام آباد: قومی قیادت نے عزم ظاہر کیا ہے کہ ملکی سلامتی و خودمختاری کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اندرونی و بیرونی سلامتی کی صورت حال پر جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان، وزیر دفاع پرویز خٹک، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور ڈی جی آئی ایس آئی بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں ملک کی اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی صورت حال پر غور کیا گیا اور قومی قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کی خودمختاری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے ہمسایوں کے ساتھ پُرامن تعلقات کا خواہاں ہے اور اپنے ملک کا دفاع کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔
اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا، پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ دنیا مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کا نوٹس لے۔ اجلاس میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج حملے کو ناکام بنانے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بہادری پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔