ایک لاکھ سے زائد پاکستانیوں نے کورونا کو شکست دے دی!
اسلام آباد: پاکستان بھر میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 13 ہزار 470 تک جاپہنچی ہے، تاہم ان میں سے ایک لاکھ 802 افراد نے اس وائرس کو شکست دے دی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 22 ہزار 418 ٹیسٹ کیے گئے، اس طرح ملک بھر میں مجموعی طور پر 13 لاکھ 5 ہزار 510 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں، ملک بھر میں مزید 4 ہزار 133 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد ملک بھر میں اس وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 13 ہزار 470 تک جا پہنچی ہے۔
سندھ میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 84 ہزار 640، پنجاب میں 76 ہزار 262، خیبرپختونخوا میں 26 ہزار 598، بلوچستان میں 10 ہزار 476، اسلام آباد میں 12 ہزار 912، آزاد جموں و کشمیر میں ایک ہزار 93 اور گلگت بلتستان میں کورونا مریضوں کی تعداد ایک ہزار 489 ہوگئی ہے۔
ملک بھر میں کورونا کے ایک لاکھ 802 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جب کہ اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد ایک لاکھ 8 ہزار 273 ہے، جن میں سے 5 ہزار 50 کورونا مریض ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں جب کہ ملک بھر میں 491 کورونا زدگان وینٹی لیٹرز پر ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 91 افراد کورونا کے ہاتھوں جاں بحق ہوگئے۔ جس کے بعد ملک میں اس وائرس سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 395 ہوگئی، پنجاب میں ایک ہزار 762، سندھ میں ایک ہزار377، خیبرپختونخوا میں 951، اسلام آباد میں 128، بلوچستان میں 121، گلگت بلتستان 26 اور آزاد کشمیر میں 30 افراد اس وائرس کے ہاتھوں لقمہ اجل بن چکے ہیں۔