پاکستان بھر میں 9 روزہ لاک ڈاؤن اختتام پذیر، کاروبار زندگی بحال!

کراچی/ اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وبا کو روکنے کے لیے گزشتہ 9 روز سے جاری لاک ڈاؤن ختم کردیا گیا۔
تمام شاپنگ مال، مارکیٹیں اور تجارتی مراکز کھل گئے جب کہ ٹرانسپورٹ اڈے بھی کھلنے سے رونقیں بحال ہوگئی ہیں۔ بازاروں، مارکیٹوں میں چہل پہل بھی شروع ہوگئی۔
لاک ڈاؤن کے باعث ملک کی رونقیں پھیکی پڑچکی تھیں اور عید کے تینوں دن بھی سناٹا تھا، تاہم اب لاک ڈاؤن ختم ہونے سے تمام چھوٹی بڑی مارکیٹیں تجارتی مراکز شاپنگ مال کھل گئے ہیں۔
دکان داروں نے آج خوشی خوشی مارکیٹیں کھولیں۔ ٹرانسپورٹ اڈے کھلنے سے مسافروں کی مختلف شہروں میں بھی آمدورفت شروع ہوگئی۔ لاک ڈاؤن میں نرمی سے رات 8 بجے دکانیں بند کرنا ہوں گی جب کہ تفریحی مقامات، پارکس، تعلیمی ادارے، شادی ہال، مارکیز، چڑیا گھر، وائلڈ لائف پارک اور سیاحتی مقامات تاحکم ثانی بند رہیں گے۔ ہوٹل اور ریسٹورنٹس پر صرف ٹیک اوے کی سہولت میسر ہوگی۔
پولیس کا بازاروں میں گشت بھی جاری ہے اور پولیس گاڑیوں سے ماسک پہننے کے اعلانات بھی کیے جارہے ہیں۔ کاروباری مراکز پر ماسک کا استعمال لازمی ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔