ماہانہ 300 یونٹ بجلی استعمال کرنیوالوں کیلیے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز ختم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کے لیے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
ن لیگ کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے یہ اہم اعلان کیا۔ اس سے قبل 200 یونٹ تک استعمال کرنے والوں کے لیے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز ختم کیے گئے تھے۔
اپنے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جب ذمے داری سنبھالی تو صورت حال کا اندازہ تھا، سر منڈاتے ہی اولے پڑے، تیل کی قیمت 120 ڈالر سے اوپر چلی گئی، جانے والوں نے ہمارے لیے گڑھا کھود دیا تھا، نااہل حکومت نے ساڑھے 3 سال عوام کو ایک دھیلے کا ریلیف نہیں دیا، جب حکومت جانے کا یقین ہوا تو مشورہ دیا کہ تیل کی قیمتیں کم کردیں، تیل کی قیمتیں کم کرکے گڑھا کھودا، عوام کو معاشی تباہی کے دہانے پر دھکیل دیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ ہم نے نہیں کیا تھا، ان کا معاہدہ تھا، آئی ایم ایف نے کہا کہ پچھلی حکومتوں کی شرائط پوری کریں، پھر بات کریں گے، 2018 اگست میں چینی 52 روپے فی کلو تھی، پی ٹی آئی حکومت میں چینی 100 روپے کلو سے تجاوز کرگئی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان سے بڑا جھوٹا، مکار، فریبی، دھوکے باز، پاکستان دشمن آج تک پیدا نہیں ہوا، آئی ایم ایف کا معاہدہ ہوگیا، ہمیں پیروں پر کھڑا ہونے کا موقع مل گیا، کیا عمران کے جھوٹ، بدتمیزی، ملک دشمنی کو فالو کروں، کس بات پر فالو کروں؟ عمران خان نے توشہ خانہ کی گھڑیاں بیچ دیں، ملک تباہ وبرباد کر کے ہمارے حوالے کردیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم عوام پر بوجھ ڈالیں یہ کیسے ممکن ہے، لیکن یہ ہمارے بس میں نہیں، پٹرول کی قیمت میں مجبوراً اضافہ کرنا پڑا، مارچ میں فیول قیمتیں آسمان پر تھیں، اس لیے فیول سرچارج بڑھا، 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کے لیے فیول سرچارج ختم کردیا، 75 فیصد صارفین کو فیول سرچارج سے استثنیٰ مل گیا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔