اسرائیلی بمباری سے خواتین اور بچوں سمیت 27 فلسطینی شہید

غزہ: غزہ پر اسرائیل کے مسلسل فضائی حملوں میں شہدا کی تعداد 27 ہوگئی، جن میں 5 خواتین اور 5 بچوں سمیت اسلامی جہاد کی راکٹ لانچنگ فورس کے کمانڈر بھی شامل ہیں۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فورسز اور اسلامی جہاد کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔
اسرائیل کی جانب سے فضائی حملوں میں تین کمانڈرز کی شہادت کے بعد غزہ سے 400 سے زائد راکٹس فائر کیے گئے، جن میں سے کچھ کو فضا میں ہی ناکارہ بنادیا گیا اور کچھ اسرائیلی سرزمین پر گرے۔
غزہ سے داغے گئے راکٹس میں اسرائیلی سرزمین پر جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم ان راکٹس حملوں کے جواب میں اسرائیلی فوج نے تازہ حملے کیے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ غزہ پر فضائی حملوں میں ایک عمارت کو نشانہ بنایا، جس میں اسلامی جہاد کے راکٹ لانچنگ فورس کے کمانڈر علی غالی مارے گئے۔
اسرائیلی فوج نے الزام عائد کیا کہ اس عمارت کو راکٹس کی تیاری اور لانچنگ کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔
الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی فورسز کی غزہ پر بم باری میں اضافہ ہوا ہے، جس میں ایک کمانڈر سمیت 27 افراد شہید اور 76 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو گہری چوٹیں آئی ہیں۔
خیال رہے کہ رواں ماہ کے آغاز سے ہی اسرائیلی فورسز نے غزہ میں بم باری اور کئی علاقوں میں سرچ آپریشن کے نام پر دہشت گردی کا بازار گرم کر رکھا ہے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔