امریکی قونصل خانے کراچی میں 249ویں یوم آزادی کی تقریب

کراچی: امریکی قونصل خانہ کراچی نے 16 جولائی کو ریاست ہائے متحدہ امریکا کی آزادی کی 249ویں سالگرہ کی خوشی میں ایک پُرمسرت اور "کنٹری ویسٹرن” موضوع پر مبنی تقریب کا اہتمام کیا۔
قونصل جنرل اسکاٹ اربام نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور حکومتی عہدیداران، نجی شعبے، سول سوسائٹی اور سفارتی برادری کے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔
اس رنگارنگ تقریب میں امریکا کے مغربی خطے کی سرحدی روح کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ اس موقع پر روایتی کنٹری ویسٹرن موسیقی، لائن ڈانسنگ اور خصوصی کھانے پیش کیے گئے۔
تقریب میں امریکا اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی معاشی شراکت داری اور سفارتی تعاون کو اجاگر کیا گیا۔ قونصل جنرل اسکاٹ اربام نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے روابط بڑھانے میں امریکی قونصل خانے کے کردار پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا، "امریکہ پاکستان کی ترقی میں معاونت کے لیے تجارت، سرمایہ کاری، اور اختراع کے ذریعے پُرعزم ہے۔ باہمی ترقی وشراکتداری کو مزید مستحکم کرنے کے لیئے ہم ملکرنئے باب رقم کر سکتے ہیں۔”
ریاستہائے متحدہ امریکا اور پاکستان کے درمیان تعلیم، تجارت، کاروباری مواقع، سلامتی اور صحت جیسے کئی شعبوں میں طویل شراکت داری اور تعاون کی تاریخ ہے۔ یہ کوششیں دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات اور مشترکہ اہداف کی عکاسی کرتی ہیں۔